Sunday, September 8, 2024

جرمن سائنسدانوں نے جسم کے اندرونی معائنے کیلئے نمک کے ذرے جتنا کیمرہ تیار کر لیا

جرمن سائنسدانوں نے جسم کے اندرونی معائنے کیلئے نمک کے ذرے جتنا کیمرہ تیار کر لیا
July 5, 2016
فرینکفرٹ (ویب ڈیسک) جرمن سائنسدانوں نے انسانی جسم کے اندرونی معائنے کیلئے انتہائی جدید مائیکرو کیمرہ تیار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اس جدید مائیکرو کیمرے کو بیماریوں کی تشخیص اور علاج کیلئے بروئے کار لایا جائے گا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کا حجم محض نمک کے ایک ذرے جتنا ہے۔ اس انتہائی چھوٹے آلے کو جرمن شہر شٹٹ گارٹ کی یونیورسٹی کے محققین نے تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے تیار کیا ہے۔ کیمرے میں تین لینز نصب ہیں۔ اس کیمرے کو ایک ایسی آپٹیکل فائبر تار کے سرے پر نصب کیا گیا ہے جس کی موٹائی کسی انسان کے سر کے صرف دو بالوں کے برابر بنتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس جدید آلے کی بدولت اینڈو سکوپی کی دنیا میں انقلاب برپا ہو جائے گا۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اس کیمرے کو انسانی جسم میں داخل کر کے اندرونی حصوں کا معائنہ کرنا نہایت آسان ہو گیا ہے۔ یہ آلہ خون کے بہاﺅ کے ساتھ آسانی سے بہہ کر جسم کے ہر حصے تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ کیمرے کو جسم میں داخل کرنے کے دوران مریض کو صرف اتنی تکلیف برداشت کرنا پڑے گی جتنی کہ ٹیکہ لگنے سے ہوتی ہے۔ اس کیمرے کا کمپاو¿نڈ لینز صرف 100 مائیکرو میٹر (0.1 ملی میٹر یا 0.004 انچ) چوڑا ہے جبکہ اس کیمرے کی حتمی چوڑائی محض 120 مائیکرو میٹر ہے اور اس کے نصب آپٹیکل فائبر تار کی لمبائی 1.7 میٹر ہے۔