Sunday, September 8, 2024

جرمن بحریہ کے ’’پی 3 سی  ‘‘کے ایئر کرافٹ کا پی این ایس مہران کا دورہ

جرمن بحریہ کے ’’پی 3 سی  ‘‘کے ایئر کرافٹ کا پی این ایس مہران کا دورہ
August 24, 2019
کراچی (92 نیوز) جرمن بحریہ کے ’’پی 3 سی  ‘‘  لانگ رینجر میری ٹائم پٹرول  ایئر کرافٹ کا نیول ایئر بیس پی این ایس مہران کا دورہ اختتام پزیر ہو گیا۔ پی این ایس مہران پہنچنے پر 28 میری ٹائم اسٹرائک اسکواڈرن کے کمانڈنگ آفیسر اور عملہ کی جانب سے جرمن جہاز ’’پی 3 سی  ‘‘  کے عملہ کا شاندار استقبال کیا گیا۔ دورے کے دوران جرمنی جہاز کے عملے سے پیشہ ورانہ اور سماجی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں میری ٹائم انٹر ڈکٹری آپریشنز (ایم آئی او) ، سرچ اینڈ ریسکیو (ایس اے آر)، اینٹی سب میرین وار فیئر ، نگرانی اور فضائی آپریشنز کی تربیت کے طریقہ کار پر گفتگو شامل تھی۔ جرمنی اور پاک بحریہ ’’پی 3 سی  ‘‘  کے عملے نے پاک بحریہ فلیٹ اسٹاف کے ہمراہ کراچی میں جرمنی کانسلیٹ کی جانب سے دیے گئے عشائیہ  میں بھی شرکت کی ،  پاک بحریہ اورفضائیہ کی تاریخی کامیابیوں سے متعلق جاننے کے لیے جرمنی جہاز کے عملہ نے میری ٹائم اور پی اے ایف میوزیم کا بھی دورہ کیا۔ جرمن وفد کے اعزاز میں کمانڈر نیول ایوی ایشن کی جانب سے ڈنر کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جرمن بحریہ کے ’’پی 3 سی  ‘‘  جہاز کایہ دورہ پاکستان اور جرمن بحریہ کے بحری اشتراک کا عکاس ہے۔ جرمن بحریہ کے’’پی 3 سی  ‘‘  کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔