Saturday, April 20, 2024

جرائم کے حوالے سے سال 2019 اہلیان فیصل آباد کیلئے خوفناک خواب جیسا رہا

جرائم کے حوالے سے سال 2019 اہلیان فیصل آباد کیلئے خوفناک خواب جیسا رہا
December 31, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز) سال 2019 جرائم کے حوالے سے فیصل آباد کے شہریوں کیلئے خوفناک خواب جیسا رہا، شہر میں بچوں سے بد فعلی، قتل، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان، گینگ ریپ،  چوری اور ڈکیتی سمیت مجموعی طور پر 32 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں بچوں سے بد فعلی کے واقعات میں 2019 کے دوران فیصل آباد ریڈ زون میں رہا ، تھانہ ترکھانی اور منصور آباد میں بدفعلی کے بعد قتل کی وارداتوں نے شہریوں کو خوف میں جکڑے رکھا۔ مجموعی طور پر رواں سال بچوں سے بدفعلی کے 204 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کا جرم بھی شامل رہا۔ ملزم نشہ آور اشیا کا استعمال کروا کہ مخصوص ویب سائٹس پر ویڈیو وائرل کرنے میں ملوث پائے گئے، پولیس کرائم رپورٹ کیمطابق بچوں سے بدفعلی کے  20 کیسز زیر تفتیش جبکہ 151 کے چالان عدالت میں پیش کیے جا چکے ہیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات پر قابو پانے کیلیے خاص حکمت عملی کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ شہر میں مجموعی طور پر قتل کے 303، ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے 13، اغوا کے 1 ہزار 53 اور زیادتی کے 391 کیسز سمیت 32 ہزار 828 مقدمات درج ہوئے جن میں سے پولیس تاحال 26 ہزار 874 ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔