Tuesday, April 23, 2024

جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی پر آغا رفیع اللہ کیخلاف تحقیقات شروع

جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی پر آغا رفیع اللہ  کیخلاف تحقیقات شروع
June 1, 2020
کراچی (92 نیوز) قانون نافذ کرنے والوں اداروں نے ڈسٹرکٹ ملیرمیں انتہائی خطر ناک جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرنے کے الزام میں  پیپلز پارٹی کے  رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ  کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں، اس حوالے سے اداروں نے آغا رفیع اللہ کا سابقہ اور موجودہ ریکارڈ مرتب کرنا شروع کر دیا ہے۔ انتہائی معتبر ذرائع نے انکشاف کیا ہےکراچی کے حلقے این اے 238 کے رکن قومی اسمبلی آغا سید رفیع اللہ پر الزام عائد ہے کہ ملیر ڈسٹرکٹ کے انتہائی خطرناک جرائم پیشہ افراد کو انکی سرپرستی حاصل ہے۔ اسی شبہے کی بنیاد پر چند برس پہلے سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار نے آغا رفیع اللہ کوحراست میں بھی لیا تھا  تاہم مبینہ طور پر بھاری رشوت کے عوض آغا رفیع اللہ کے خلاف کوئی مقدمہ درج  نہیں کیا گیا ، ذرائع کےمطابق  آغا رفیع اللہ کو  ڈسٹرکٹ ملیر میں جرائم، بھتہ خوری اور قبضہ مافیا کا بے تاج بادشاہ تصورکیا جاتا ہے۔ ان کی سابقہ  جماعت مسلم ق  کے رہنماؤں  کوبھی ان سے یہی شکایت تھی  کہ وہ جرائم پیشہ افراد کی کھلی پشت پناہی کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آغا رفیع اللہ خان پر الزام ہے کہ وہ اپنے مخالفین کو غنڈوں کے ذریعے ڈراتا ہے جبکہ اس کی ایم این اے نمبر پلیٹ والی سرکاری گاڑی میں اکثر ممنوعہ سامان موجود ہوتا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ آغا رفیع اللہ کا فرنٹ مین اسرار خان نامی شخص ہے اس کے ذریعے رقم کی لین دین اور دیگر معاملات کیے جاتے ہیں۔