Friday, May 3, 2024

جرائم پیشہ افراد کو پھانسی دینے کا سلسلہ جاری، نو قیدی  تختہ دار پر چڑھا دیئے گئے، ملتان میں تین مجرموں کی پھانسی  ٹل گئی

جرائم پیشہ افراد کو پھانسی دینے کا سلسلہ جاری، نو قیدی  تختہ دار پر چڑھا دیئے گئے، ملتان میں تین مجرموں کی پھانسی  ٹل گئی
May 27, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں سزائے موت کے نو قیدیوں کو تختہ دار پر چڑھا دیا گیا۔ ملتان ڈسٹرک جیل میں تین مجرموں کی پھانسی ٹل گئی۔ وہاڑی ڈسٹرک جیل میں سزائے موت کے دو قیدیوں ثنا اللہ اور عبد الستار کو تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ ثنا اللہ نے دو ہزار چار میں گیارہ سالہ بچے اور عبدالستار نے اٹھارہ سال قبل تیرہ سالہ لڑکی کو زیادتی کے بعد ہلاک کر دیا تھا۔ گجرات ڈسڑکٹ جیل میں نصیر اور فیصل، اڈیالہ جیل میں  قتل کے مجرم خان بہادر جبکہ لاہور کی  کوٹ لکھپت جیل میں عبدالخالق اور شہزاد کو تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ عبدالخالق نے فیکڑی ایریا میں ایک خاتون اور مجرم شہزاد نے ایک شخص کاقتل کیا تھا۔ سنٹرل جیل پشاور میں قتل کے مجرم شمس السلام اور بلوچستان کی مچھ جیل میں بھائی اور بھتیجے کے قاتل خان محمد کو پھانسی دی گئی۔ ملتان سنٹرل جیل میں دو سگے بھائیوں ظفر اور اظہر کی پھانسی صلح نامہ پیش کرنے پر روک دی گئی۔ ظفر اور اظہر نے پولیس مقابلے کے دوران اپنے ڈاکو ساتھی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ سزائے موت کے ایک اور قیدی فاروق بابر کی پھانسی سپریم کورٹ نے مؤخر کر دی۔