Thursday, April 25, 2024

جدید ڈرون ٹیکنالوجی نے پتنگ بازوں کی دوڑیں لگوا دیں

جدید ڈرون ٹیکنالوجی نے پتنگ بازوں کی دوڑیں لگوا دیں
April 22, 2020

سیالکوٹ ( 92 نیوز) جدید ڈرون ٹیکنالوجی نے پتنگ بازوں کی دوڑیں لگوا دیں، پتنگ بازوں کو ٹریس کرنے کے لئے ڈرون کیمرہ فضاء میں بلند ہوتے ہی پتنگ باز چھتوں سے بھاگنے میں عافیت سمجھتے ہیں ۔

ڈی پی اوسیالکوٹ کیپٹن ریٹائرڈ مستنصر فیروز کی جانب سے پتنگ بازی روکنے کیلئے سائنسی اقدام کا سہارا لیا گیا ، پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون کیمرہ مہیا کر دئیے گئے۔

جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈرون کیمروں نے وہ کر دکھایا جو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا ، پتنگ بازوں کے خلاف ڈرون کیمروں کے استعمال سے دو دن میں  سیکڑوں پتنگ بازوں کو گرفتار کر لیا گیا، شہریوں نے پولیس کی کاوشوں پر اطمینان کااظہارکیاہے۔

ڈی پی او سیالکوٹ مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی خونی کھیل ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی  ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے پتنگ بازوں کی گرفتاریوں کاعمل ضلعی پولیس کا احسن اقدام ہے، جس کے ذریعے شہری قاتل ڈور کے وار سے بچ سکیں گے۔