Tuesday, April 23, 2024

جدہ، پاک میڈیا جرنلسٹس فورم کے پلیٹ فارم سے 92 نیوز کی چوتھی سالگرہ کی پُروقار تقریب

جدہ، پاک میڈیا جرنلسٹس فورم کے پلیٹ فارم سے 92 نیوز کی چوتھی سالگرہ کی پُروقار تقریب
December 12, 2021 ویب ڈیسک

جدہ (92 نیوز) سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاک میڈیا جرنلسٹس فورم کے پلیٹ فارم سے 92 نیوز کی چوتھی سالگرہ کی پُروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کاروباری، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت میڈیا کے نمائندگان نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

تقریب میں سیاسی جماعتوں اور فورم کے ذمہ دران نے 92 نیوز کو کامیابیوں اور مثبت صحافت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 92 نیوز نے عوامی مسائل کو اُجاگر کرکے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے میڈیا انڈسٹری میں اپنی دھاک بڑھائی ہے۔

اِن کا مزید کہنا تھا کہ ہمیشہ غیرجانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی کم عرصے میں آج 92 نیوز بڑے اور مستند میڈیا ہاﺅسز کی صف میں کھڑا ہے۔ 92 نیوز نے نہ صرف ملکی و بین الاقوامی معاملات تک عوام کو رسائی دی بلکہ وطن عزیز کے گلی کوچوں کے مسائل کو بھی اُجاگر کرنے کے ساتھ ہمیشہ اوورسیز کی آواز بنا اور ان کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے اِن کے حل میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب میں شرکاء نے سالگرہ کا کیک کاٹا اور 92 نیوز کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے 92 نیوز کو بے باک صحافت اور حقائق پر مبنی خبریں نشر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ 92 نیوز کامیابی کا سفر آئندہ بھی جاری رکھے گا۔