Wednesday, May 8, 2024

ججز کے آزاد، خود مختار ہونے تک انصاف ممکن نہیں، چیف جسٹس

ججز کے آزاد، خود مختار ہونے تک انصاف ممکن نہیں، چیف جسٹس
September 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس نے نئے سال کی عدالتی پالیسی کا اعلان کر دیا،،چیف جسٹس گلزاراحمد کا کہنا ہے کہ جب تک ججز آزاد، خودمختار اور بیرونی دباؤ سے بالاتر نہیں ہونگے تب تک انصاف ممکن نہیں۔ چیف جسٹس گلزار احمد کا نئے عدالتی سال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون کے تحت عدلیہ کی آزادی کسی کو دبانے کی اجازت نہیں، ہر جج نے اپنے عہدے کا حلف لیا ہوتا ہے جس کے باعث وہ انصاف کرنے کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جج ہونا صرف اعزاز نہیں بلکہ انصاف دینے کی بھاری ذمہ داری ہے، آئین کا دیباچہ عدلیہ کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وہ یقین دلاتے ہیں کہ آئین کی بالادستی کیلئے سپریم کورٹ ہر ممکن اقدام کرے گی، نظام انصاف میں ہمیں جس مقام پر ہونا چاہئے اس کیلئے طویل سفرباقی ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ فراہمی انصاف ہرمہذب معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، انصاف صرف حقوق کا تعین کرنے کا نام نہیں بلکہ مساوات قائم کرنے کا نام ہے، قانون کی نظر میں عوام کے حقوق جنس،مذہب اور نسل سے بالاتر ہوتے ہیں۔