Wednesday, May 8, 2024

ججز پر اعتراض کرنے والے ذرا احتیاط کریں ، چیف جسٹس آصف کھوسہ

ججز پر اعتراض کرنے والے ذرا احتیاط کریں ، چیف جسٹس آصف کھوسہ
November 20, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) چیف جسٹس آصف کھوسہ نے کہا ججز پر اعتراض کرنے والے ذرا احتیاط کریں۔ چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے وزیر اعظم کی چند روز قبل کی تقریر پر رد عمل دے دیا ۔ اسلام آباد میں عدالت عظمی کی موبائل ایپ اور ہیلپ لائن لانچنگ کی تقریب سے خطاب میں جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا محترم وزیراعظم نے دو دن پہلے خوش آئند اعلان کیا کہ عدلیہ کو وسائل دینگے۔ عدلیہ کو وسائل کی کمی محسوس ہو رہی تھی۔ وزیراعظم نے تقریر میں طاقتور اور کمزور کی بھی بات کی۔ وزیراعظم نے جس کیس کی بات کی وہ ابھی زیرالتواء ہے۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ ججز پر تنقید اور اعتراض کرنے والی تھوڑی احتیاط کریں۔ عدلیہ کو طاقتور کا طعنہ ہمیں نہ دیا جائے۔ وزیراعظم نے جس کیس کا طعنہ دیا اس پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ وزیراعظم نے خود انہیں باہر جانے کی اجازت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے صرف جزیات طے کیں۔ انہوں نے کہا عدلیہ نے ایک وزیراعظم کو سزا ، دوسرے کو نااہل کیا۔ سابق آرمی چیف کے مقدمے کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔ عدلیہ کے سامنے طاقتور صرف قانون ہے موجودہ عدلیہ کا تقابلی جائزہ 2009 کی عدلیہ سے پہلے والی عدلیہ سے نہ کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ نے گزشتہ سال 36 لاکھ مقدمات کے فیصلے کیے جن میں صرف تین چار مقدمات ہی طاقتور لوگوں کے ہونگے۔ عدلیہ نے جن لاکھوں کو انصاف دیا انہیں بھی دیکھا جائے۔