Sunday, September 8, 2024

ججز نظربندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ، کیس کی سماعت پچیس مارچ تک ملتوی

ججز نظربندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ، کیس کی سماعت پچیس مارچ تک ملتوی
March 11, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) سپیشل پبلک پراسیکیوٹر کے اعتراضات کے باوجود سابق صدر پرویز مشرف کو ججز نظربندی کیس میں حاضری سے استثنی دے دیا گیا۔ سابق صدر عدالت میں حاضر ہوئے بغیر چالیس سے زائد مرتبہ استثنیٰ حاصل کر چکے ہیں۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں دوران سماعت پرویز مشرف کے وکلا کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف شدید علیل ہیں، ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ کمر کی تکیلف کے باعث وہ سفر نہیں کر سکتے۔ وکلا کی جانب سے ان کی بیماری سے متعلق میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جس پر سپیشل پبلک پراسیکیوٹر عامر ندیم طابش نے اعتراض عائد کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ پرویز مشرف کی جانب سے ہر بار ایک ہی طرز کا میڈیکل سرٹیفیکٹ پیش کرکے استثنیٰ حاصل کرلیا جاتا ہے۔ ملزم کے ایسے حربوں سے کیس کا ٹرائل 2013 سے التوا کا شکار ہے۔ صرف 17 گواہوں کے بیانات قلمبند ہو سکے ہیں۔ عدالت نے مختصر بحث کے بعد پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ کو میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کا حکم دیا ہے جبکہ  کیس کی سماعت اس بار بھی بغیر کاروائی کے 25 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔