Thursday, April 25, 2024

ججز نظربندی کیس، انسداد دہشتگردی عدالت کا آئی جی پولیس کو پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم

ججز نظربندی کیس، انسداد دہشتگردی عدالت کا آئی جی پولیس کو پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم
May 20, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں آئی جی اسلام آباد کو سابق صدر پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے پرویز مشرف کے خلاف ججز نظری بندی کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت آئی جی پولیس کی طرف سے پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تفصیلات عدالت پیش نہ کرنے پر فاضل جج نے اظہار برہمی کیا۔ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے عارضی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی جس پر جج نے کہا کہ وہ پہلے ہی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر چکے ہیں، عارضی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کیسے لیں۔ سابق صدر کے وکیل اختر شاہ نے استدعا کی کہ انہیں بحث کے لیے 8 گھنٹے کا وقت دیا جائے۔ فاضل جج نے کہا کہ وہ سابق صدر پرویز مشرف کو عدالت پیش کریں، ان کے سامنے 8 گھنٹے کی بحث کر لیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 12جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے اگلی سماعت پر آئی جی اسلام آباد کو پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تفصیلات عدالت میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔