Friday, April 26, 2024

جج کی ویڈیو بھی ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، بلاول بھٹو زرداری

جج کی ویڈیو بھی ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، بلاول بھٹو زرداری
July 12, 2019
سکھر (92 نیوز) پی پی پی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جج کی ویڈیو بھی ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ خورشید شاہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کو جج کے حوالے سے تحقیقات کرنی چاہیے، یہی جج نواز شریف اور آصف زرداری کے کیس سنتے تھے، دال میں کچھ تو کالا ہے۔ پی پی پی چئیرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے اعلیٰ عدلیہ پر حملہ کیا، رات کے اندھیرے میں ریفرنس بھیجے جاتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ گھوٹکی کے الیکشن میں بھی نظر آرہا ہے کہ ان کا سلیکشن کامیاب نہیں ہورہا۔ پاکستان پیپلز پارٹی جیت رہی ہے۔اُن کے سلیکٹڈ وڈیرے گھبرا چکے ہیں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج جمہوریت پر حملے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے لیکن جمہوریت و شہداء کے خون پر سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا بجٹ، عوام دشمن، غریب دشمن اور سندھ دشمن بجٹ ہے۔ انہوں نے پاکستان کا معاشی قتل کرنے کیلئے قربانی کے بکرے سے لیکر پاکستان کے معیشیت کو فائدہ پہنچانے والے تھر کول پاور پراجیکٹ تک کچھ نہیں چھوڑا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری کے دور میں دنیا بد ترین معاشی بحران کا شکار تھی جس کا اثر ہر ملک پر پڑ رہا تھا۔ اس دور میں دو سیلاب آئے، ملک دہشت گردی کی زد میں تھا مگر ان تمام مشکلات اور معاشی بحران کے باوجود صدر زرداری کی حکومت نے عوام کی خدمت کی۔