Friday, May 3, 2024

جج چھٹی پر !!! ماڈل ایان علی کو پاسپورٹ واپسی کا معاملہ لٹک گیا

جج چھٹی پر !!! ماڈل ایان علی کو پاسپورٹ واپسی کا معاملہ لٹک گیا
November 28, 2015
راولپنڈی (92نیوز) ماڈل ایان کے پاسپورٹ کی سپرداری کا معاملہ ایک مرتبہ پھر لٹک گیا۔ خدا خدا کرکے ضامنوں کا بندوبست ہوا تو جج کے رخصت پر چلے جانے کے باعث ڈیوٹی جج نے پاسپورٹ کی سپرداری سے انکار کردیا جس سے ماڈل کا اونچی اڑان بھرنے کا خواب ایک بار پھر چکنا چور ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کسٹم کی خصوصی عدالت نے ملزمہ ایان کے پاسپورٹ کی سپرداری کا فیصلہ پچیس نومبر کو سنایا تھا اور ساتھ ہی ملزمہ کو دس‘ دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایات کی تھیں۔ ماڈل ایان اور اس کے وکلاءایک ہفتے تک مچلکوں کا بندوبست کرتے رہے جونہی تمام قانونی تقاضے مکمل ہوئے تو کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد خان اچانک رخصت پر چلے گئے جس پر کسٹم عدالت کے زیر سماعت مقدمات ایک دن کے لئے بنکنگ کورٹ کے جج صابر سلطان کے پاس بطور ڈیوٹی جج منتقل ہوگئے۔ جب ایان کے وکلاءنے پاسپورٹ کی سپرداری کے لئے ڈیوٹی جج کی عدالت سے رجوع کیا تو انہوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ پاسپورٹ کی سپرداری متعلقہ عدالت ہی کرے گی۔ ڈیوٹی جج کے انکار کے بعد ماڈل ایان ایک مرتبہ پھر اپنے ضامنوں‘ ذاتی محافظوں اور وکلاءکے ساتھ مایوس ہی واپس لوٹ گئی۔ اب پاسپورٹ کی سپرداری کا فیصلہ کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد خان سوموارتیس نومبر کو ہی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے ایان نے بیرون ملک جانے کے لئے تین بار اپنا خریدا گیاٹکٹ کینسل کروایا ہے کیونکہ ان تاریخوں میں دبئی اور دیگر ممالک میں ماڈل نے کروڑوں روپے کے معاہدے کر رکھے تھے جو آہستہ آہستہ منسوخ ہونا شروع ہوچکے ہیں جس سے ماڈل گرل کو کروڑوں کے نقصان کا سامنا ہے۔