Thursday, April 25, 2024

جج ویڈیو اسکینڈل  کے  ملزموں کیخلاف مقدمہ درج  کرلیاگیا

جج ویڈیو اسکینڈل  کے  ملزموں کیخلاف مقدمہ درج  کرلیاگیا
July 18, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جج ویڈیو اسکینڈل  میں  ارشد ملک اور وزارت قانون کی ویڈیو بلیک میلنگ اور عدلیہ کے خلاف گھناؤنی سازش میں ملوث تمام کرداروں کے خلاف فوری کارروائی کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ارشد ملک اور وزارت قانون کی جانب سے دی جانے والی درخواست پر ایف آئی اے نے سائبر کرائم دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ درخواست میں ارشد ملک نے موقف اختیار کیا کہ 2000ء سے 2003ء تک میں ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ملتان تعینات تھا، اس دوران میاں طارق نے مجھے نشہ آور اشیا پلائی اور نازیبا ویڈیو بنائی، اس نازیبا ویڈیو کے ذریعے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ ارشد ملک نے موقف اختیار کیا کہ   چند ماہ پہلے یہ ویڈیو مسلم لیگ ن کے رکن میاں رضا کو بیچی گئی ، ویڈیو کی بنیاد پر مجھے ناصر جنجوعہ، ناصر بٹ، خرم یوسف اور مہر غلام جیلانی نے بلیک میل کیا، بلیک میل کے ذریعے مجھے نواز شریف کو کیسز میں مدد کرنے کا کہا گیا۔ ارشد ملک نے درخواست میں کہا کہ بلیک میلر مجھ سے کہلوانا چاہتے تھے کہ میں نے مخصوص طبقے کے کہنے پر مخالف فیصلہ دیا، بلیک میلنگ کے ذریعے مجھے جاتی امرا میں نواز شریف اور مدینہ میں حسین نواز سے ملوایا گیا۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ان ملاقاتوں کی مزید بلیک میلنگ کے لیے خفیہ آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کی گئی ،  6 جولائی کو مریم نواز، شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ آصف، پرویز رشید، رانا تنویر، عظمیٰ بخاری  اور دیگر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب پریس کانفرنس میں مجھے ہی نہیں، عدلیہ اور احتساب کے عمل کونشانہ بنایا گیا، درخواست کی جاتی ہے کہ بلیک میلنگ اور گھناؤنی سازش میں ملوث  ان افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے عمل کے ذریعے میری، میرے خاندان کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال دیا گیا اور میرے کیریئر کو داؤ پر لگا دیا گیا۔ پریس کانفرنس میں دکھائی جانے والی ویڈیو کو جعل سازی کے ذریعے تبدیل کیا گیا، احتساب عدالت اسلام آباد کے سابق جج ارشد ملک کی درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم نے مقدمہ درج کرلیا۔