Saturday, April 20, 2024

جج ویڈیو اسکینڈل ، ملزم ناصر جنجوعہ  اور  خرم یوسف گرفتار

جج ویڈیو اسکینڈل ، ملزم ناصر جنجوعہ  اور  خرم یوسف گرفتار
September 2, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) جج ویڈیو اسکینڈل   کے ملزمان  ناصر جنجوعہ اور خرم  یوسف سمیت تین ملزم  ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواستین خارج ہونے پر کمرہ عدالت سے نکلتے ہی گرفتار کر لئے گئے ۔ ارشد ملک جج ویڈیو اسکینڈل کیس کے  ملزمان ناصرجنجوعہ، خرم یوسف  اور غلام جیلانی کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواستوں پراسپیشل جج سینٹرل طاہرمحمود نے سماعت کی، ایف آئی اے نے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی ۔ معزز جج نے استفسار کیا کہ کیا رپورٹ میں کہیں ناصر جنجوعہ کا نام لیا گیا ، ناصر جنجوعہ کے وکیل نے بتایا کہ ایف ائی اے رپورٹ میں انکے موکل پر کوئی الزام نہیں۔ وکلاصفائی کی مخالفت کے باوجودعدالت نے تینوں ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کردیں ، جس کے بعد ملزمان کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتارکرلیا گیا۔ ویڈیو اسکینڈل کیس میں گرفتار ایک اور ملزم میاں طارق محمود کو ایف آئی اے نے جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر اڈیالہ جیل سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش کیا۔ ایف آئی اے تفتیشی ٹیم کی جانب سے کوئی اہلکار آیا نہ جواب جمع کرایا گیا ، عدالت نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع  کرتے ہوئے سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کردی۔ پیشی کے بعد ملزم نے اپنے بیٹے کی رہائی کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کی اپیل کردی ، میاں طارق پر احتساب عدالت کے سابق جج محمد ارشد ملک کی ویڈیو بنانے کا الزام ہے۔