Friday, April 19, 2024

جج ویڈیو اسکینڈل کیس ، ایف آئی اے کا میاں طارق اور ان کے بھائیوں کے گھروں پر چھاپے

جج ویڈیو اسکینڈل کیس ، ایف آئی اے کا میاں طارق اور ان کے بھائیوں کے گھروں پر چھاپے
July 20, 2019
 کراچی (92 نیوز) جج ویڈیو اسکینڈل کیس کے مرکزی ملزم میاں طارق سے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا۔ ایف آئی اے نے ملتان میں میاں طارق اور ان کے بھائیوں کے گھروں پر چھاپے مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ ایف آئی اے ٹیم نے گھروں میں موجود افراد سے پوچھ گچھ بھی کی۔ گزشتہ روز جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل کیس کے مرکزی ملزم میاں طارق محمود کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا تھا۔ ملزم میاں طارق محمود کے وکیل نے جج سے ایف آئی آر کی کاپی نہ ملنے کی شکایت کی تھی جس پر جج نے کہا تھا آپ ابھی ہی ایف آئی آر لے کر پڑھ لیں ۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا تھا کہ ایف آئی اے کو یو ایس بی سے مواد ملا ہے ۔ ویڈیو کی فرانزک رپورٹ مثبت آئی ہے ۔ ملزم نے ویڈیو بنانے میں دیگر ساتھیوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔ وکیل ملزم نے کہا تھا کہ 10 جولائی کو میاں طارق کو پکڑا گیا۔ 12 جولائی سے ان کا بیٹا لاپتہ ہے ۔ اس پر جج شائستہ خان کنڈی نے کہا تھا کہ اگر کوئی لاپتہ  ہے تو مناسب فورم سے رجوع کریں۔