Thursday, May 9, 2024

جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات، عطا تارڑ ایف آئی اے دفتر میں پیش

جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات، عطا تارڑ ایف آئی اے دفتر میں پیش
December 27, 2019
 لاہور (92 نیوز) جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ ایف آئی اے دفتر میں پیش ہو گئے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعجاز شیخ کی سربراہی میں ایف آئی اے کی ٹیم نے عطا تارڑ سے پوچھ گچھ کی۔ پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں عطا تارڑ نے کہا کہ اپنا بیان جمع کرا دیا ۔ مزید بولے ایف آئی اے کے سربراہ واجد ضیا کی تعیناتی سیاسی تقرری ہے اسے چیلنج کریں گے۔ عطا تارڑ کی پیشی کے موقع پر ایف آئی اے آفس کے باہر پولیس نے دونوں اطراف میں بیریئرز لگا کر راستہ بلاک کیا ہوا تھا۔ مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد ایف آئی اے بلڈنگ کے باہر پہنچی۔ کارکنوں کی وجہ سے راستہ بند ہو گیا اور کاروبار کرنے والے تاجروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر کارکنوں نے ایف آئی اے کے دفتر میں گھسنے کی کوشش کی اور پولیس اہلکاروں کو دھکے بھی دیئے۔ اسلام آباد سے آئی خصوصی ٹیم نے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ ون ایٹی ایچ ماڈل ٹاون میں چھاپہ بھی مارا اور کمپیوٹر ہارڈڈسک قبضے میں لے لی تھی۔