Thursday, March 28, 2024

جتنا مرضی شور مچائیں، حقیقت ماننا پڑے گی کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے، صدر عارف علوی

جتنا مرضی شور مچائیں، حقیقت ماننا پڑے گی کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے، صدر عارف علوی
September 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ جتنا مرضی شور مچائیں، یہ حقیقت ماننا پڑے گی کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ برآمدات 27 ارب ڈالر، ترسیلات زر 29 ارب ڈالر اور محصولات اٹھارہ فیصد بڑھ گئے، اسٹاک مارکیٹ نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔

صدرمملکت نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں کرپشن اور غلط پالیسیوں سے نقصان ہوا، کورونا سے دنیا کی معیشتیں سکڑ گئیں، تعمیری اور مضبوط پالیسی کا سہرا وزیر اعظم کے سر ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کمزور طبقے کیلئے احساس پروگرام کا آغاز کیا گیا، وزیر اعظم نے کے پی میں بلین ٹری پروگرام کا آغاز کیا۔

صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ ای وی ایم شفاف انتخاب کا راستہ ہے، امید ہے تمام جماعتیں بھر پور تعاون کریں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ افغانستان میں گزشتہ دنوں بڑی تبدیلی آئی، پاکستان چاہتا ہے نئی افغان حکومت قوم کو متحد کرے، کشمیریوں کو ایک بار پھر کہہ رہے ہیں اپنے موقف پر قائم رہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان، چاروں وزرائے اعلی، آرمی چیف  سمیت مسلح افواج کے سربراہ اور سفیر بھی گیلری میں موجود تھے۔