Sunday, September 8, 2024

جب تک عوام ایک نہیں ہوگی مسائل حل نہیں ہونگے : رضا ربانی

جب تک عوام ایک نہیں ہوگی مسائل حل نہیں ہونگے : رضا ربانی
August 29, 2015
قصور(92نیوز)معروف بزرگ اور صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہ کےدو سواٹھاون ویں عرس کے موقع پر  چئیرمین سینیٹ رضا ربانی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عوام ایک نہیں ہو گی تب تک ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے اور ایسے ہی دشمن ہم پر حاوی ہوتا رہے گا اور نہتے شہریوں پر  گولہ باری کرتا رہے گا۔ تفصیلات کےمطابق عظیم صوفی شاعر اور مشہور بزرگ حضرت بابا بلھے شاہ کے عرس کے موقع پر قصور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے وہ اپنی شناخت کھو بیٹھے ہیں۔ چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک میں اس وقت خانہ جنگی کی  صورتحال ہے اور دہشت گردی اور بنیاد پرستی کا راج ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیاں بے شک کام کر رہی ہیں لیکن جب تک پاکستانی ایک نہیں ہوں گے تب تک دشمن عناصر کا خاتمہ نہیں ہو سکتا۔ سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتیوں کی جانب سے نہتے شہریوں پر  بمباری کرنے کے ساتھ ساتھ گولیاں ماری جاتی ہیں لیکن اپنے آپ کو عالمی امن کے علمبردار کہنے والے آج کہاں ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے قصور زیادتی اسکینڈل کے متاثرین سے ملاقات  کے موقع پر کہا کہ متاثرین کو انصاف ضرور ملے گا۔ رضاربانی کا کہنا تھا کہ معاشرے میں محبت و اخوت کے فروغ اور امن کے قیام کے لیے بابا بلھے شاہ کی تعلیمات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔