Friday, April 26, 2024

جاں فشانی سے حاصل کردہ امن کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، آرمی چیف

جاں فشانی سے حاصل کردہ امن کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، آرمی چیف
November 26, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے جاں فشانی سے حاصل کردہ امن کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔

آٹھویں قومی ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے شرکاء  نے  ملاقات کی ۔ ملاقات ورکشاپ کا حصہ تھی جو یکم سے 27 نومبر تک کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل  قمر جاوید باجوہ   کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کو شکست دینے میں قوم نے لازوال قربانیاں دی۔ جاں فشانی سے حاصل کردہ امن کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ بلوچستان کے عوام نے سکیورٹی فورسز کی پرعزم حمایت کی۔ بلوچ عوام کی حمایت سے صوبہ  میں استحکام، سماجی واقتصادی ترقی ممکن ہوئی۔ پاکستان کی خوشحالی، بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہے۔ دشمن پاکستان کے امن اور استحکام کے درپے ہے۔ دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی، جامع حکمت عملی سے ناکام بنا رہے ہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز جامع قومی ردعمل کا تقاضا کرتے ہیں۔ پاکستان نے مغربی علاقے کے موثر انتظام پر کلیدی توجہ دی۔ بہتر سرحدی انتظام کے باعث پاکستان افغان صورتحال سے محفوظ رہا۔ سرحدی اور داخلی سلامتی کو یقینی بناتے رہیں گے۔ قومی ترقی کے لیے سرحدی اور داخلی سلامتی ناگزیر ہے۔

اس موقع پر شرکاء نے آرمی چیف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔