Saturday, May 11, 2024

جاپانی شہر ہیروشیما پر امریکا کے ایٹمی حملے کے 75 برس مکمل

جاپانی شہر ہیروشیما پر امریکا کے ایٹمی حملے کے 75 برس مکمل
August 6, 2020
 ٹوکیو (92 نیوز) جاپانی شہر ہیروشیما پر امریکا کے ایٹمی حملے کے 75 برس مکمل ہو گئے۔ چھ اگست انیس سو پنتالیس انسانی تاریخ کا وہ المناک دن تھا جب امریکا کے ایٹم بم حملے نے جاپانی شہر ہیروشیما کو پلک جھپکنے میں ملیا میٹ کر دیا۔ جاپانی وقت کے مطابق صبح کے 8 بج کر 16 منٹ پر امریکی بی 29 بمبار طیارے نے ’لٹل بوائے‘ نامی ایٹم بم کو ہیرو شیما پر گرا دیا جس کے نتیجے میں 1 لاکھ 40 ہزار افراد ہلاک اور ہزاروں لوگ ہمیشہ کیلئے معذور ہو گئے۔ ہیروشیما حملے کے تین دن بعد امریکا نے ناگا ساکی پر بھی ایٹمی حملہ کیا۔ ان چند دنوں میں دنیا نے مہلک ہتھیاروں کا وہ ہولناک روپ دیکھا کہ آج تک دوبارہ عالمی جنگ کی نوبت نہیں آئی۔ امریکی حملے میں جان گنوانے اور زندگی بھر کیلئے معذور ہوجانے والوں کی یاد میں ہیروشیما کے پیس پارک میں ایک یادگاری تقریب منعقد ہوئی جس میں جاپانی وزیراعظم شنزو آبے بھی شریک ہوئے اور یادگار پر پھولوں کا گلدستہ رکھا۔ رواں برس کورونا وائرس کے سبب اس تقریب کو محدود رکھا گیا تھا۔ گزشتہ سالوں کی نسبت صرف 10 فیصد لوگ ہی احتیاطی تدابیر کیساتھ تقریب میں شریک ہوئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہر کے میئر نے ایٹمی ہتھیاروں سے نفرت کا اظہار کیا۔ دنیا کو خود غرض قوم پرستی چھوڑ کر تنازعات کو پر امن انداز میں حل کرنے کی تلقین کی۔