Friday, May 17, 2024

جاپان میں پچاسی سالہ بادشاہ اکی ہیٹو بیٹے کے حق میں بادشاہت سے دستبردار

جاپان میں پچاسی سالہ بادشاہ اکی ہیٹو بیٹے کے حق میں بادشاہت سے دستبردار
April 30, 2019
ٹوکیو (92 نیوز) جاپان میں نئی تاریخ رقم ہو گئی۔ پچاسی سالہ بادشاہ اکی ہیٹو بیٹے کے حق میں بادشاہت سے دستبردار ہو گئے۔ دستبرداری کی تقریب ٹوکیو میں واقع امپیریل پیلس میں ہوئی جس میں شاہی خاندان اور وزیر اعظم شنزو آبے سمیت  تین سو تیس افراد  شریک ہوئے۔ اکی ہیٹو نے مختصر خطاب میں جاپانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اکی ہیٹو کے بیٹے نارو ہیٹو کی تاجپوشی کل شاہی محل کے ایک بند کمرے میں ہو گی جہاں قدیم ترین تلوار اور نایاب نگینہ اُن کے حوالے کیا جائے گا۔ اکی ہیٹو انیس سو نواسی میں بادشاہت کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔ اُنہیں عوام کیلئے درد دل رکھنے والے بادشاہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ دو ہزار سولہ میں اکی ہیٹو نے عوام سے خطاب خرابی صحت اور بڑھتی عمر  کے باعث مزید فرائض کی ادائیگی پر معذوری کا اظہار کیا تھا جس پر جاپانی پارلیمنٹ نے انہیں دستبردار ہونے کی اجازت دی تھی۔ جاپان کی دو سو سالہ تاریخ میں پہلی بار کوئی بادشاہ ازخود سبکدوش ہوا ہے۔