Thursday, April 25, 2024

جاپان میں موسلادھار بارشوں کی تباہی ، 59 لاکھ افراد متاثر

جاپان میں موسلادھار بارشوں کی تباہی ، 59 لاکھ افراد متاثر
July 9, 2018
ٹوکیو (92 نیوز) جاپان میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی۔ سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد ایک سو تک جا پہنچی۔ قدرتی آفت سے انسٹھ لاکھ افراد متاثر ہوئے ۔ جاپان کے مغربی علاقوں میں طوفانی بارشوں سے تباہ کاریاں جاری ہیں۔  سیلابی ریلے اپنے ساتھ ہر شے بہا لے گئے۔ سینکڑوں گھر، سڑکیں اور زرعی اراضی زیر آب آچکی ہیں۔تیس ہزار بے گھر افراد ایمرجنسی سنٹرز میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ 54 ہزار ریسکیو اہلکار متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان بارشوں نے گزشتہ پچاس سال کا ریکارڈ توڑ دیا جبکہ یہ سلسلہ ابھی مزید چند روز تک جاری رہے گا جس کے نتیجے میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔