Friday, April 19, 2024

جاپان میں تباہ کن سونامی کو چار سال مکمل

جاپان میں تباہ کن سونامی کو چار سال مکمل
March 11, 2015
ٹوکیو(ویب ڈیسک)جاپان میں تباہ کن سونامی کو چار سال مکمل ہوگئے اور آج ملک بھر میں مرنے والوں کی یاد میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ گیارہ مارچ دو ہزار گیارہ کو مسلسل چھ منٹ تک جاری رہنے والے جھٹکوں نے پورے جاپان کو ہلا کر رکھ دیا زلزلے کا مرکز ٹوکیو سے پونے چار سو کلومیٹر دور سمندر میں تھا۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت نو ریکارڈ کی گئی اور یہ شدت دنیا کے پانچ طاقتور ترین زلزلوں میں شمار ہوتی ہے۔ سونامی سے18480افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئےجبکہ زلزکے کے بعد ہزاروں آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے سے جاپان کا شمال مشرقی علاقہ متاثر ہواسونامی نے آدھے گھنٹے کے اندر ہی کئی دیہات اور چھوٹے شہر صفحہ ہستی سے مٹادیئے۔ زیادہ تر علاقوں میں چار سے پانچ میٹر اونچی لہریں تھیں تاہم میاکو شہر میں لہروں کی اونچائی چالیس میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔ سونامی سے تین ایٹمی ری ایکٹر بھی تباہ ہوئے جس سے بڑے پیمانے پر تابکاری پھیلی اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگوں کو اپنے گھر چھوڑنا پڑےاور ان ایٹمی بجلی گھروں کو اب تک دوبارہ تعمیر نہیں کیا جاسکا۔ ملک بھر میں سونامی کے دوران مرنے والوں کیلئے دعائیہ تقریبات ہوئیں، لوگوں نے مرنے والوں کی یادگار پر پھول رکھے۔