Friday, April 19, 2024

جاپان میں اسٹیشن ماسٹر بلی کی شاہانہ انداز میں آخری رسومات، ٹاما نامی بلی کی وجہ سے مقامی معیشت کو تقریباً اسی لاکھ ڈالر کا فائدہ پہنچا

جاپان میں اسٹیشن ماسٹر بلی کی شاہانہ انداز میں آخری رسومات، ٹاما نامی بلی کی وجہ سے مقامی معیشت کو تقریباً اسی لاکھ ڈالر کا فائدہ پہنچا
June 30, 2015
جاپان (ویب ڈیسک) بلی کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے۔ مغربی جاپان میں اسٹیشن ماسٹر بنائے جانے کے بعد دنیا بھر کے ذرائع ابلاغ میں سرخیوں کی زینت بننے والی بلی کی آخری رسومات شاہانہ انداز میں ادا کر دی گئیں۔ ٹاما نامی بلی کو آٹھ سال قبل سرکاری طور پر ریلوے اہلکار بنایا گیا تھا اور اسے دیکھنے کے لیے ہر سال ہزاروں سیاح آتے تھے جس کی وجہ سے ریلوے کمپنی کی مالی حیثیت مستحکم ہوئی۔ اس بلی کو ٹوپی اور کوٹ پہنے کیشی اسٹیشن پر اکثر گھومتے پھرتے دیکھا جا سکتا تھا۔ سولہ سالہ ٹاما کا بائیس جون کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہو گیا تھا۔ شنتو مذہب کی تعلیمات کے مطابق ٹاما کی آخری رسومات کا اہتمام کیا گیا۔ جنازے میں ریلوے کمپنی کے درجنوں اہلکاروں اور ہزاروں مداحوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کئی مداح فرط جذبات میں آنسو بہاتے رہے۔ آخری رسومات کی ایک خصوصی تقریب میں ٹاما کو مرنے کے بعد دیوی کے درجے پر فائز کر دیا گیا ہے۔ صوبے کے گورنر یوشینوبو کا کہنا ہے کہ اسٹیشن پر جانوروں کے بطور عملے کی تعیناتی کا عمل جاری رہنا چاہیے۔ ٹاما کے بعد نتیما نامی ایک اور بلی کوآزمائشی بنیاد پر اسٹیشن ماسٹر تعینات کیا گیا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ٹاما کی وجہ سے مقامی معیشت کو تقریباً اسی لاکھ ڈالر کا فائدہ پہنچا۔