Friday, April 19, 2024

جاپان میں 7.4 شدت کا زلزلہ‘ طوفانی لہریں فوکوشیما سے ٹکرا گئیں

جاپان میں 7.4 شدت کا زلزلہ‘ طوفانی لہریں فوکوشیما سے ٹکرا گئیں
November 22, 2016

ٹوکیو (ویب ڈیسک) جاپان میں ایک بار پھر شدید زلزلہ۔ ساڑھے چار فٹ اونچی سمندری لہریں فوکوشیما کے ساحل سے ٹکرا گئیں۔ سونامی کی وارننگ واپس لے لی گئی۔ طوفان کا الرٹ جاری۔ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ جاپان کے مشرقی علاقوں میں ٹرین اور فضائی سروس معطل کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاپان کا ساحلی شہر فوکو شیما زلزلے سے لرز اٹھا۔ زلزلے کی شدت سات اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز فوکوشیما کے قریب کا ساحلی علاقہ تھا اور زلزلے کی گہرائی گیارہ کلومیٹر تھی۔ شدید زلزلے کے بعد سونامی کی واننگ جاری کی گئی لیکن ساحل تک پہنچتے سونامی کی لہروں کی شدت کمزور پڑتی گئی اور ساڑھے چار فٹ اونچی لہریں فوکو شیما کے ساحل سے ٹکرائیں جس کے بعد سونامی کی وارننگ واپس لے کر طوفان کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم زلزلے کے جھٹکے ٹوکیو میں بھی محسوس کیے گئے۔ کچھ ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ زلزلے اور سونامی کے بعد فوکو شیما ایٹمی پلانٹ کا کولنگ سسٹم بھی بند ہو گیا۔ جاپان کے مشرقی علاقوں میں ٹرین اور فضائی سروس معطل کر دی گئی ہے۔

زلزلے کے بعد آفٹر شاکس بھی جاری ہیں اور چار اعشاریہ آٹھ سے پانچ اعشاریہ چار شدت کے چار آفٹر شاکس محسوس کیے جا چکے ہیں۔ فوکوشیما کے ساحلی علاقوں کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

دنیا بھر میں آنے والے بیس فیصد زلزلے جاپان میں آتے ہیں جن کی شدت چھ اعشاریہ صفر یا اس سے زیادہ ہوتی ہے۔ جاپان میں پانچ سال قبل آنے والے تباہ کن زلزلے اور سونامی میں تقریباً اٹھارہ ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔