Monday, September 16, 2024

جاوید ہاشمی کی بیٹی کی شادی کی تقریب سیاسی اجتماع میں تبدیل ہو گئی

جاوید ہاشمی کی بیٹی کی شادی کی تقریب سیاسی اجتماع میں تبدیل  ہو گئی
February 3, 2018

ملتان  ( 92 نیوز ) ملتان میں سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی بیٹی کی شادی کی تقریب سیاسی اجتماع میں تبدیل ہو گئی ، جبکہ سیاسی حریف ایک دوسرے سے بغل گیر ہوتے دکھائی دیے۔

سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی بیٹی کی شادی اس وقت سیاسی اکٹھ میں بدل گئی ، جب تمام سیاسی جماعتوں کے بڑے رہنماؤں کو شادی کی تقریب میں ایک دوسرے سے ملتے اور احوال پوچھتے دیکھا گیا۔

اس شادی کی خاص بات حریف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، شاہ محمود قریشی اور جاوید ہاشمی کا اسٹیج پر اکٹھے بیٹھنا اور مصافحہ کرنا تھی۔

 جاوید ہاشمی نے تو یوسف رضا گیلانی سے ان کی طبیعت کا حال بھی پوچھ لیا ، صدر مملکت منون حسین خصوصی طور پر شادی میں شرکت کے لئے ملتان پہنچے ، جبکہ وفاقی وزراء احسن اقبال ، خواجہ سعد رفیق ، برجیس طاہر کے ساتھ ساتھ سینیٹر پرویز رشید اور جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ  بھی شادی میں شریک ہوئے۔۔

سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی بیٹی کی شادی میں نہ صرف وزراء بلکہ جنوبی پنجاب کے بیشتر ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی ، اس موقع پر تو حریف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور سیاسی رہنماء نے آپس میں خوب گپ شپ بھی کی جبکہ یوسف رضا گیلانی اور شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو بھی کر ڈالی۔

شادی کی تقریب میں ون ڈش کی پابندی بھی نظر آئی ۔ مہمانوں کے لئے مٹن قورمہ ، چاول اور سویٹ ڈش سے مہمانوں کی خاطر تواضع کی گئی۔