Friday, May 17, 2024

جاوید لطیف کے بیان پر ہر پاکستانی کو ٹھیس پہنچی، فواد چودھری، شبلی فراز

جاوید لطیف کے بیان پر ہر پاکستانی کو ٹھیس پہنچی، فواد چودھری، شبلی فراز
March 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزراء فواد چودھری اور شبلی فرازکہتے ہیں کہ جاوید لطیف کے بیان پر ہر پاکستانی کو ٹھیس پہنچی۔ اپوزیشن کو ہر سطح پر ناکامی ہوئی، اب وہ اپنی سیاسی موت دیکھ رہی ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا، ہار جیت ہوتی ہے مگر ریاست مخالف نعرہ قابل قبول نہیں، متحدہ قائد بننے کا شوق رکھنے والے نوازشریف انکا انجام بھی یاد رکھیں۔ انہوں نے اپوزیشن کے بڑوں کو لانگ مارچ ملتوی کرکے اصلاحات پر مل بیٹھنے کا مشورہ دے دیا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پہلے پاپا بچاؤ مہم تھی اب لندن جانے دو مہم  جاری ہے، ایم کیو ایم  بانی کی طرح نواز شریف کو لندن سے نہیں آنے دیں گے۔

ادھر شبلی فراز بولے اپوزیشن کو ہر سطح پر ناکامی ہوئی، اب وہ اپنی سیاسی موت دیکھ رہی ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے مفاد الگ الگ ہیں۔ سینیٹ الیکشن سے واضح ہوگیا ن لیگ نے پیپلزپارٹی اور پیپلزپارٹی نے مولانا فضل الرحمٰن کی کمر میں چھرا گھونپا۔

وفاقی وزیر نے کہا پی ڈی ایم کو سینیٹ الیکشن میں بھی ہزیمت اٹھانا پڑی، اپوزیشن اب اپنی سیاسی موت دیکھ رہی ہے۔ کورونا وباء کا پاکستان اور عالمی سطح پر دوبارہ زور اٹھا ہے، پنجاب میں بہترین طریقے سے ویکسینیشن کی مہم چل رہی ہے۔ باقی صوبے بھی پنجاب کی تقلید کرتے ہوئے ویکسینیشن کے مرحلے کو منظم طریقے سے آگے بڑھائیں۔

وزیر اطلاعات مزید بولے کہ عوام کو چاہئے  کورونا ایس او پیز پر عمل  کریں، سیاسی لاوارثوں نے ایک مہم شروع کی ہے، اپوزیشن کا پہلا فیز بری طرح ناکام ہوا۔ جاوید لطیف کے بیان پر تحریک انصاف نے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کھپے تو پاکستان زندہ باد کا نعرہ ہے۔