Thursday, April 18, 2024

جان کیری کی شام کے تنازعہ کے حل کیلئے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات، بیت المقدس کی صورتحال پر تبادلہ خیال

جان کیری کی شام کے تنازعہ کے حل کیلئے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات، بیت المقدس کی صورتحال پر تبادلہ خیال
October 25, 2015
ریاض (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شام کے تنازعہ کے حل کی کوششوں کے سلسلے میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی ہے۔ جان کیری مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے حل کی کوششوں کے سلسلے میں مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں اور وہ اردن اور اسرائیل کے حکام سے ملاقاتوں کے بعد سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں نے شام میں چار سال سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی۔ ریاض کے نواح میں واقع الاوجہ محل میں ہونیوالی ملاقات میں سعودی ولی عہد محمد بن نائف، نائب ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز، وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے کیا۔ نائب وزیراعظم ڈاکٹر مساعد العیبان، ڈاکٹر عادل بن زائید بن التعریفی شریک ہوئے جبکہ کیری کی معاونت جوزف ویسٹ فال، این ڈبلیو پیٹرسن، جوناتھن فائنر اور لیزا کینا نے کی۔ ملاقات میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں میں جھڑپوں اور بیت المقدس کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ جان کیری نے اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ سے بھی فلسطینی مسئلہ پر ملاقات کی تھی۔ کیری جمعہ کے دن روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملے تھے۔ کیری کا کہنا ہے کہ شام میں خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے امن کانفرنس میں ایران کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ سعودی عرب نے شام کے تنازعہ کے کسی بھی حل کیلئے بشارالاسد کی اقتدار سے علیحدگی کی شرط عائد کر رکھی ہے۔