Thursday, May 9, 2024

جان لیوا کرونا وائرس نے دیہاڑی داروں کا جینا دوبھر کردیا

جان لیوا کرونا وائرس نے دیہاڑی داروں کا جینا دوبھر کردیا
April 8, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) ایک طرف کورونا وائرس تو دوسری جانب بھوک ہے ، جان لیوا کرونا وائرس نے دیہاڑی داروں کا جینا دوبھر کر دیا ہے ،  روزگار بند ہونے سے چولہے ٹھنڈے پڑنے لگے ، اسلام آباد کا ٹیکسی ڈرائیور محمد معراج بھی کسمپرسی کی حالت میں دن گزاررہا ہے۔

کورونا وائرس کے وار نے غریبوں کا روزگار تباہ کر کے رکھ دیا ، ایک جانب مہنگائی کا دور ہے دوسری جانب وائرس کا زور ہے جس کے  باعث دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔

دو کمروں پر مشتمل ٹوٹے پھوٹو گھر  میں رہنے والا 40 سالہ ٹیکسی ڈرائیور محمد معراج بھی بیروزگار ہو گیا ہے ، جس کے سات بچے ہیں مگر لاک ڈاؤن اور سڑکیں سنسان ہونے سے  اس کا روزگار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ، ایسے میں گھر کا چولہا جلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ایک جانب شوہر کا روزگار بند ہے تو دوسری جانب بچوں  کی خواہشات ہیں جس نے  معراج کی اہلیہ کو بھی پریشان کر رکھا ہے ۔

معراج کہتے ہیں امداد ، ریلیف پیکیجز اور  ٹائیگر فورس کے حکومتی اعلانات تو سن رکھے ہیں لیکن ملا کچھ نہیں  ۔

دو وقت کی روٹی کو ترستے محمد معراج جیسے کتنے ہی لوگ ہیں جو اس آڑے وقت میں ہاتھ پھیلانے سے گھبرارہے ہیں۔