Friday, March 29, 2024

جامعہ پنجاب نے جھگڑے میں ملوث 14 طلبا کو معطل کر دیا

جامعہ پنجاب نے جھگڑے میں ملوث 14 طلبا کو معطل کر دیا
March 1, 2020

 لاہور (92 نیوز) جامعہ پنجاب نے جھگڑے میں ملوث 14 طلبا کو معطل کر دیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ان طلبا کو ہاسٹل سے بھی نکال دیا۔

گارڈز پر حملے، ماحول خراب کرنے پر طلبا کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

 پنجاب یونیورسٹی میدان جنگ بن گئی تھی۔ طلبہ گروپوں میں خوفناک تصادم، لڑائی کے دوران متعدد طلبہ زخمی جبکہ دو گارڈز کے سر بھی پھٹ گئے تھے۔

پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان لڑائی کو پولیس کی بھاری نفری نے کنٹرول کیا تھا ۔ طلبہ نے پولیس کے ساتھ مذاکرات کے بعد کیمپس پل پر احتجاج ختم کر دیا تھا۔

ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی اقبال ٹاؤن کیپٹن(ر) محمد اجمل کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تھی۔ ایس پی اقبال ٹاؤن کا معاملے پر کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ طلبہ کے مابین لڑائی کو روکنے میں پنجاب یونیورسٹی کے 6 گارڈز زخمی ہوئے تھے۔ حالات کو قابو کرنے کے لئے پولیس افسران بھی فوراً موقع پر پہنچ گئے تھے۔