Thursday, March 28, 2024

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پولیس کے بہیمانہ تشدد کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پولیس کے بہیمانہ تشدد کی ایک اور ویڈیو سامنے آگئی
February 16, 2020
دہلی ( 92 نیوز) دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پولیس کے طلبہ پر بہیمانہ تشدد کی ایک اور ویڈیو سامنے آ گئی ، کانگریسی رہنما پریانکا گاندھی، ششی تھرور اور سماج وادی پارٹی نے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا ۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ  کے معصوم طلبا پر تشدد اور نئی دہلی پولیس کی سفاکیت کا ایک اور ثبوت سامنے آگیا ، لائبریری کی سی سی ٹی وی فوٹیج نے ظلم کی داستان کھول کر بیان کردی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا طلبا جامعہ کی لائبریری میں پڑھائی میں مگن ہیں کہ اچانک پولیس ان پر دھاوا بول دیتی ، ایک لڑکا کتاب دکھا کر اپنا قصور پوچھنے کی جسارت کرتا جس پر اسے بھی بری طرح پیٹ دیا جاتا ہے۔ کانگریسی رہنما پریانکا گاندھی نے ویڈیو کو اپنے ٹویٹر پر شیئر کیا ، لکھتی ہیں دہلی پولیس اور امیت شاہ کہتے ہیں انہوں نے کسی کو طلبا پر تشدد کرتے نہیں دیکھا ، لیکن کیا اس ویڈیو کے بعد بھی حکومت کوئی ایکشن لے گی، اگر نہیں تو اس کی نیت کھل کر عوام کے سامنے آجائے گی۔ پریانکا گاندھی کے بعد کانگریس کے ہی ایک اور رہنما ششی تھرور نے بھی ویڈیو کو شیئر کیا، انہوں نے بھی ملوث اہلکاروں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ سماج وادی پارٹی نے بھی دہلی پولیس کی بربریت پر وزیرداخلہ امیت شاہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے۔