Thursday, May 9, 2024

جامعہ مسجد داتا صاحب میں سہ روزہ عالمی کانفرنس شروع ہو گئی

جامعہ مسجد داتا صاحب میں سہ روزہ عالمی کانفرنس شروع ہو گئی
October 16, 2019
لاہور  (92 نیوز) جامعہ مسجد حضرت داتا گنج بخشؒ میں سہ روزہ عالمی کانفرنس بعنوان  ’’ برصغیر میں اسلامی تہذیب کی تشکیل میں شیخ علی ہجویری کا کردار ‘‘ شروع ہوگئی ، ابتدائی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھاکہ حضرت داتا صاحبؒ نے اپنی ساری زندگی اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کے مطابق گزاری ،،صوفیائے کرام نے روادارانہ فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی۔ برصغیر پاک و ہند کے معروف صوفی اور روحانی بزرگ حضرت علی ہجویری المعروف داتا صاحب کے 976ویں عرس مبارک کے موقع پر دربار پرانوار پر  ’’ برصغیر میں اسلامی تہذیب کی تشکیل میں شیخ علی ہجویریؒ کا کردار ‘‘  کے عنوان سے سہ روزہ عالمی کانفرنس منعقد کی گئی جس میں علماء مشائخ، سیاسی وسماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،کانفرنس کا آغاز قاری محمد نقشبندی نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ کا کہنا تھا کہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ نے صوفیانہ افکار و تعلیمات کو مکمل طورپر احکامِ شریعت کے نہ صرف تابع قراردیا بلکہ تصوف کو شریعت کا امین اور نگہبان بنا کر پیش کیا۔ کانفرنس میں شامل دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں داتا صاحب کی زندگی اور اسلام کے لیے خدمات پر روشنی ڈالی ، مقررین کاکہنا تھا کہ صوفیائے کرام امن کے علمبردار اور انسان دوستی کے امین ہیں ۔ کانفرنس کے پہلے روز  ڈی جی مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری الشیخ فضل دین محمد القیروانی التونسی اور پیر سید اسرار الحسن شاہ نے خطاب کیا  جبکہ کانفرنس کے آغاز کے قبل ڈپٹی کمشنر لاہور محمد اصغر جوئیہ داتا دربار پہنچےاور عرس کی تقریبات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔