Sunday, May 19, 2024

جام کمال وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے

جام کمال وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے
August 19, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) بی اے پی کے صدر جام کمال وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے۔ جام کمال نے 39 ووٹ  حاصل کیے جبکہ اپوزیشن کے یونس عزیز زہری نے 20 ووٹ لیے۔ قائد ایوان کے انتخاب کے ساتھ ہی صوبے میں انتقال اقتدار کا عمل مکمل ہو گیا۔ قائد ایوان کے انتخاب کیلئے 65 ارکان کے ایوان میں 59 ووٹ کاسٹ ہوئے ۔  قائد ایوان کیلئے بی اے پی کے جام کمال خان اور ایم ایم اے کے یونس عزیز زہری کے درمیان مقابلہ تھا۔ نئے قائد ایوان کو ارکان اسمبی کی جانب سے مبارکباد ہیش کی گئی۔ جام کمال یکم جنوری 1973ء کو لسبیلہ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم لسبیلہ سے حاصل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے کراچی گئے جہاں گریجوایشن مکمل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد سیاست کا آغاز 1998ء کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کر کیا ، 2002ء میں لسبیلہ کے ناظم منتخب ہوئے۔ جام کمال کے والد میر جام محمد یوسف مرحوم یکم دسمبر 2002ء سے لیکر 19 نومبر 2007 تک وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز رہے، آپ کے دادا میرجام غلام قادر مرحوم پہلی مرتبہ 27 اپریل 1973 سے لیکر 31 دسمبر 1974 تک اور پھر دوسری مرتبہ 6 اپریل 1985 سے لیکر 29 مئی 1988 تک وزارت اعلیٰ کے عہدے پر فائز رہے۔ 2013ء کے انتخابات میں جام کمال نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر انتخاب جیتا اور وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم وقدرتی وسائل منتخب ہوئے۔ 2018ء کے عام انتخابات کے موقع پر آپ نے مسلم لیگ ن کو خیراباد کہہ کر نئی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کی بنیاد رکھی اور اسی جماعت سے پی بی50 لسبیلہ کا انتخاب جیت کر صوبے کے 16 ویں قائد ایوان منتخب ہو ئے۔