Wednesday, April 24, 2024

جارحانہ بلے باز برینڈن میکلم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

جارحانہ بلے باز برینڈن میکلم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
December 22, 2015
لاہور (ویب ڈیسک) جارحانہ بیٹنگ سے کرکٹ شائقین کے دل جیتنے والا بیٹسمین انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے جا رہا ہے۔ کیوی کپتان برینڈن میکلم نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف فروری میں ٹیسٹ سیریز ان کے کیریئر کی آخری سیریز ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق بہترین بیٹنگ تکنیک، شاٹس کھیلنے کا خوبصورت انداز اور لمبے لمبے چھکوں سے خطرناک باولرز کے چھکے چھڑانے کا فن نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم کے پاس ہے۔ چونتیس سالہ میک کلم ننانوے ٹیسٹ میچز میں چھے ہزار دو سو تہتر رنز بنا چکے ہیں جن میں ٹرپل سنچری بھی شامل ہے۔ برینڈن میکلم نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ واحد بیٹسمین ہیں جس نے انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میچز میں دو سنچریز اپنے نام کر رکھی ہیں۔ دو سو چوون ون ڈے میچز میں پانچ ہزار نو سو نو رنز بنانے والے میکلم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ سال تک نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنا ان کے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ درست وقت پر کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے نوجوان بیٹسمین کین ولیم سن کو ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت سونپ دی ہے۔ کین ولیم سن آئندہ سال مارچ میں شروع ہونے والی ورلڈ ٹی ٹونٹی میں یہ ذمہ داری نبھائیں گے۔