Monday, September 16, 2024

جارح مزاج کرکٹرز خیر منائیں‘ امپائرز کو ییلو اور ریڈ کارڈ سے لیس کرنے کا فیصلہ

جارح مزاج کرکٹرز خیر منائیں‘ امپائرز کو ییلو اور ریڈ کارڈ سے لیس کرنے کا فیصلہ
February 11, 2016
لاہور (92نیوز) کرکٹ میں کھلاڑیوں کے درمیان لڑائی جھگڑا تو عام سی بات ہے لیکن ایسے ہر موقع پر امپائر سوائے میچ ریفری کو شکایت کرنے کے اور کچھ نہیں کر سکتا۔ اب ایم سی سی نے تجویز دی ہے کہ کرکٹ میں بھی کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کرنے کا تجربہ کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے پرجوش اور جذباتی کھلاڑیوں کو اب ہوشیار ہو جانے کی ضرورت ہے کیونکہ ان کے غصے کا خمیازہ انہیں میدان سے باہر نکالنے پر مجبور کر سکتا ہے۔ جی ہاں فٹ بال اور ہاکی کی طرز پر اب کرکٹ میں بھی ییلو کارڈ اور ریڈ کارڈ کا تجربہ کیا جائے گا۔ امپائر ییلو کارڈ دکھا کر بے لگام کھلاڑیوں کو سمجھائیں گے پھر بھی نہ سمجھے تو ریڈ کارڈ سے باہر کا رستہ دکھائیں گے۔ کرکٹ کے قوانین بنانے والے ادارے میرلبون کرکٹ کلب نے انگلینڈ میں ڈومیسٹک میچوں کے دوران کارڈ سسٹم کا تجربہ کرنے کی تجویز دی ہے۔ اگر تجربہ کامیاب رہا تو پھر اسے انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی آزمایا جائے گا۔ سابق کرکٹرز کا کہنا ہے کہ دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ میں بھی اب امپائرز اور ریفریز کو زیادہ بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔ جب ریڈ کارڈ کی طاقت ہاتھ میں ہو گی تو امپائرز زیادہ اعتماد سے فیصلے کریں گے۔