Friday, March 29, 2024

جارجیا کے چڑیاگھر سے بھاگنے والے ببرشیر نے ایک شخص کو چیرپھاڑ ڈالا

جارجیا کے چڑیاگھر سے بھاگنے والے ببرشیر نے ایک شخص کو چیرپھاڑ ڈالا
June 18, 2015
تبلیسی (ویب ڈیسک) جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں چند روز پہلے آنے والے شدید سیلاب کے باعث چڑیا گھر سے آزاد ہونے والے ببر شیر نے ایک شخص کو ہلاک کر دیا ہے۔ جارجیا کے میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پولیس اس شیر کو ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ببرشیر نے تبلیسی کے مرکزی چوک کے قریب ایک شخص کو ہلاک کیا۔ واضح رہے کہ جارجیا میں گزشتہ ہفتے آنے والے سیلاب میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ شدید سیلاب کے بعد شہر کے چڑیا گھر سے کئی خطرناک جانور آزاد ہوگئے تھے جن میں ببرشیر، شیر، ریچھ، دریائی گھوڑے اور بھیڑیے شامل ہیں۔ پولیس نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی تھی۔ بعدازاں لوگوں نے شہر کے مرکزی علاقے میں دریائی گھوڑے کوگھیر لیا تھا اور اسے بےہوش کر کے دوبارہ چڑیا گھر لایا گیا۔ حکام نے گزشتہ روز یہ تاثر دینے کی کوشش کی تھی کہ لاپتہ ہونے والے تمام جانوروں میں ایک تیندوے کے علاوہ تمام درندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔