Thursday, September 19, 2024

جارج ایچ بش کی میت کو آخری دیدار کیلئے کیپیٹل ہل میں رکھ دیا گیا

جارج ایچ بش کی میت کو آخری دیدار کیلئے کیپیٹل ہل میں رکھ دیا گیا
December 4, 2018
نیو یارک ( 92 نیوز) سابق امریکی صدر جارج ایچ بش کی میت کو کیپیٹل ہل میں آخری دیدار کیلئے رکھ دیا گیا،سرکاری تقریب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ  اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے بھی شرکت کی ۔آنجہانی سابق صدر کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ کل ادا کی جائیں گی۔ امریکی پرچم میں لپٹے آنجہانی صدر جارج بش سینیئرکے تابوت کو میری لینڈ سے ائیرفورسز کے خصوصی طیارے سے واشنگٹن لایا گیا اور سرکاری پروٹوکول میں ان کی میت کو کیپٹل ہل پہنچایا گیا۔ اس موقع پر بش سینئر کے صاحبزادے اور سابق صدر  جارج بش جونیئر،نائب صدر مائیک پینس،اسپیکر کانگریس پال رائن اور دیگر اعلیٰ شخصیات موجود تھیں ۔ آخری دیدار سے قبل انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے توپوں کی سلامی دی گئی۔انکی  آخری رسومات میں ٹرمپ سمیت دنیا کے کئی ممالک کے سربراہان اور ان کے نمائندوں کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ جارج بش سینئر کی تدفین کل ٹیکساس میں کی جائے گی ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پانچ دسمبر کو یوم سوگ کا اعلان کرتے ہوئے امریکی پرچم سر نگوں رکھنے کی ہدایت کی ہے، آنجہانی صدر امریکا کے اکتالیسویں صدر تھے۔جارج بش سینئر جنوری 1989 سے جنوری 1993 تک امریکا کے صدر رہے۔