Thursday, May 9, 2024

جاتی امرا کا اصل نام موضع مانک ہے ، شہزاد اکبر

جاتی امرا کا اصل نام موضع مانک ہے ، شہزاد اکبر
April 16, 2021

لاہور (92 نیوز) شہزاد اکبر کا کہنا ہے جاتی امرا کا اصل نام موضع مانک ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا موضع مانک میں 839 کنال سرکاری زمین لوگوں کو غیر قانونی طورپر منتقل کی گئی، حکومت نے وہ منسوخ کر دی۔ سرکاری زمین کسی کے نام منتقل نہیں کی جا سکتی۔ سستی شہرت کے لیے کہا گیا کہ پنجاب حکومت آپریشن کرنے جارہی ہے۔ کل سے سنسنی پھیلانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ میرا نام لے کر باتیں کی جارہی ہیں۔ دو دن سے ن لیگ کی جانب سے مجھ پر بارش کی جارہی ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا لاہور کے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ کی پڑتال ہوئی تو پتہ چلا کہ 1966،67 میں موضع مانک  میں حکومت پنجاب کی 839 کنال اراضی تھی۔ آج ایک مرلہ بھی نہیں ہے۔ موضع مانک میں بہت سی زمین 1989 اور 1994 میں ٹرانسفر ہوئی۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کوئی نہیں کہہ رہا کہ شریف خاندان نے غیر قانونی طریقے سے زمین اپنے نام کرائی۔ ریکارڈ خود بولتا ہے، ریکارڈ تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ شریف خاندان نے کاغذوں میں وحیدہ بیگم سے زمین خریدی ہے۔ شریف خاندان کا کلیم وحیدہ بیگم کے ورثا سے بنتا ہے۔ بورڈ آف ریونیو نے کہا ہے کہ ریکارڈ درست کیا جائے۔

انہوں نے کہا کسی جگہ کنٹینر نہیں لگائے گئے۔ نیلی بتی کہیں بھی دیکھ کر چور ڈر جاتا ہے۔ کنٹینرز کو دیکھ کر بھی یہی کچھ ہوا۔ مسماری کنٹینر سے نہیں بلڈوزر وغیرہ سے کی جاتی ہے۔