Friday, April 19, 2024

جائیداد کی خاطر قیدی بنائی جانیوالی ماں دو سال بعد بیٹے کے چنگل سے بھاگ نکلی

جائیداد کی خاطر قیدی بنائی جانیوالی ماں دو سال بعد بیٹے کے چنگل سے بھاگ نکلی
October 28, 2015
لاہور (92نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقے فیکٹری ایریا میں ناخلف بیٹے نے جائیداد کی خاطر دوسال تک ماں کو رسیوں سے باندھ کر قید رکھا اور تشدد کرتے ہوئے بازو توڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق والٹن روڈ کے رہائشی داود جان نے جائیداد کی خاطر والدہ کو دو سال تک کمرے میں قید رکھا اور تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔ موقع ملنے پر شہناز بی بی قید سے بھاگی اور تھانہ فیکٹری ایریا پہنچ گئی۔ شہناز بی بی کا کہنا ہے کہ اس کے بیٹے نے اسے دوسال تک رسیوں سے باندھ کر رکھا اور تشدد کرتے ہوئے بازو توڑ دیا لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ شہناز بی بی کی بیٹی سعدیہ نے بتایا کہ اس سے قبل بھی داود نے ان پر فائرنگ کی اور جائیدادکی خاطر ان پر تشدد بھی کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی ملزم کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب شہناز بی بی نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے انصاف دلایا جائے۔