Friday, April 19, 2024

ثنا اللہ زہری مستعفی، نئے وزیر اعلیٰ کیلئے بھاگ دوڑشروع ہو گئی

ثنا اللہ زہری مستعفی، نئے وزیر اعلیٰ کیلئے بھاگ دوڑشروع ہو گئی
January 9, 2018

کوئٹہ ( 92 نیوز ) ثنا اللہ زہری کے استعفے کے بعد بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کیلئے بھاگ دوڑ شروع ہو گئی ۔ باغیوں نے اپنا امیدوار لانے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنے شروع کر دیئے ۔ ۔ذرائع کے مطابق صالح بھوتانی عہدے کیلئے ہاٹ فیورٹ ہیں جبکہ جان جمالی اور نواب چنگیز مری بھی مضبوط امیدوار ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے نوبزادہ طارق مگسی بلوچستان اسمبلی کے نئےاسپیکر ہوں گے۔
جے یو آئی کو پی اینڈ ڈی،صحت اور خزانہ کی وزارتیں ملنے کی توقع کی جا رہی ہے ۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ موجودہ اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نئے سیٹ اپ میں سینئر وزیرہوسکتے ہیں۔
دوسری طرف سابق وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ اتفاق رائے کے ساتھ وزیراعلیٰ کے لئے اُمیدوار سامنے لائیں گے ۔ اگر پارٹی نے نکالا تو کسی بھی سیاسی گروپ کے ساتھ مل جائیں گے ۔
جبکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما اختر مینگل نے کئی طرح کے خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی تحلیل ہوئی تو یہ ناپسندیدہ عمل ہوگا ہم اس کی حمایت نہیں کرینگے ۔
سردار ثنا اللہ زہری کے استعفے کے ساتھ ہی ن لیگ کا نیا امتحان شروع ہو گیا۔ نئی حکومت کون بنائے گا؟۔ پارلیمنٹ چل پائے گی یا نہیں۔یہ وہ سوال ہیں جن کے جواب آنے والے چند دنوں میں مل جائیں گے۔