Sunday, September 8, 2024

ثالثی مشن کا ایران میں پڑاو‘ وزیراعظم اور آرمی چیف تہران پہنچ گئے

ثالثی مشن کا ایران میں پڑاو‘ وزیراعظم اور آرمی چیف تہران پہنچ گئے
January 19, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سعودی عرب سے ایران پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے ایرانی وزیردفاع سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوازشریف نے کہا کہ دونوں ملک (سعودی عرب اور ایران) امت مسلمہ کے مفاد میں اختلافات پرامن طریقے سے حل کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سعودی عرب سے تہران پہنچ گئے ہیں۔ دونوں پاکستانی شخصیات آج ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے۔ نوازشریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران امت مسلمہ کے مفاد میں اپنے اختلافات پرامن طریقے سے حل کریں۔ انہوں نے کہا خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں۔ مسلم امہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان ریاض اور تہران کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اسی سلسلے میں آج پاکستانی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سعودی عرب کے دورے کے بعد ایران پہنچی ہے۔ پاکستانی حکام ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیں گے اور سعودی عرب سے تعلقات کی بحالی پر زور دیں گے۔