Thursday, May 2, 2024

تین معذور بچوں کی محنت کش ماں کیلئے لاک ڈائون نے مشکلات کھڑی کردیں

تین معذور بچوں کی محنت کش ماں کیلئے لاک ڈائون نے مشکلات کھڑی کردیں
April 7, 2020
لاہور (92 نیوز) لوگوں کے گھروں میں کام کرکے اپنے معذور بچوں کے جسم وجان کارشتہ برقراررکھنے کی جدوجہد کرنے والی محنت کش خاتون لاک ڈاؤن کے باعث مشکلات میں گِھر گئی، علاج تو درکنار بچوں کو دو وقت کی روٹی دینا بھی اس کے بس سے باہر ہو گیا۔ لاہورمیں ایک کمرے کے کرائےکی کال کوٹھڑی میں ایام کی تلخی سہتی یہ کلثوم ہے، غربت کےساتھ ساتھ اس کی سب سے بڑی آزمائش اس کے تین بچوں کی معذوری بھی ہے۔ وہ اپنی مفلسی کا بھرم رکھنے کے لئے گھروں میں کام کاج کرتی تھی کہ کوروناوائرس کے باعث لاک ڈاؤن اس کی جدوجہدمیں سدِ راہ بن گیا، اب گھروں کے مکین اسے صرف معذرت کی بھیک دے کرواپس بھیج دیتے ہیں۔اسی پر ہی بس نہیں کلثوم کے شوہر نے بھی کٹھن حالات میں اسے دربدر کی ٹھوکریں کھانے کیلئے اکیلا چھوڑ دیا۔ کلثوم کے سر پر موجود غیرمحفوظ چھت پر پنکھا تک نہیں۔ وہ اللہ تعالیٰ کی شکرگزار تو ہے لیکن لاک ڈاؤن کے باعث اذیت ناک بے روزگاری اس کی برداشت سے باہر ہے۔ کلثوم کے تینوں بچے پراسراربیماری کی وجہ سے اپاہج ہوچکے ہیں، ٹھیک ہونا، پڑھنا اور صحت مند زندگی گزارنا ان کی خواہش ہے۔