Friday, April 19, 2024

تین ماہ انتہائی اہم ہیں، کوئی وزیر ملک سے باہر نہ جائے، وزیراعظم

تین ماہ انتہائی اہم ہیں، کوئی وزیر ملک سے باہر نہ جائے، وزیراعظم
November 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں ارکان کو حکم دیتے ہوئے کہا تین ماہ انتہائی اہم ہیں، کوئی وزیر ملک سے باہر نہ جائے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا ملک کو معاشی بحرانوں کا سامنا ہے۔ تین ماہ میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا ہدف ہے۔ ایسی صورتحال میں وزرا غیر ضروری بیرونی دورے نہ کریں۔ کابینہ ارکان اپنی وزارتوں کی کارکردگی بہتر بنائیں۔ حکومت جلد تمام بحرانوں پر قابو پا لے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے گلاسگو کانفرنس سے متعلق رہنماؤں کے بیانات کا  سخت نوٹس لیا، کہا کچھ پارٹی رہنما بغیر بتائے کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے تھے۔ کانفرنس میں وزرا سے متعلق جو بیانات دیے گئے وہ انتہائی افسوس ناک ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گلاسگو کانفرنس میں پاکستان کا نام سرفہرست رہا، ملک امین اسلم نے کانفرنس میں پاکستان کی زبردست نمائندگی کی۔

وزارت خزانہ کے حکام نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ میں بتایا کہ ہفتہ وار مہنگائی میں اعشاریہ چھ سات فیصد کمی آئی۔ خطے میں  گھی اور چائے کی پتی کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں پاکستان میں سب سے کم ہیں۔

کابینہ  اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی  وزرا نے سندھ میں زیادہ قیمتوں پر اظہار تشویش کیا۔ کابینہ نے کورونا وباء کے لیے پیکیج پر آڈٹ رپورٹ پر متعلقہ  محکموں سے وضاحت  بھی مانگ لی۔