Friday, April 26, 2024

تین ستمبر کو وزیراعظم سے سرمائے کا حساب مانگیں گے : عمران خان

تین ستمبر کو وزیراعظم سے سرمائے کا حساب مانگیں گے : عمران خان
August 25, 2016
چکدرہ (92نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تین ستمبر کو لاہور پہنچ کر نوازشریف سے کرپشن کا حساب لینے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں خیبرپختونخوا میں کرپشن ختم کرنے کے لیے نیا قانون لا رہے ہیں۔ نوازشریف نے کرپشن کر کے اداروں کو تباہ کر دیا۔ کے پی میں کرپشن کا کوئی بڑا کیس سامنے نہیں آیا۔ تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں کے کپتان عمران خان نے خیبرپختونخوا میں چکدرہ موٹروے کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے جلسے سے خطاب میں توپوں کا رخ ایک مرتبہ پھر وفاقی حکومت اور وزیراعظم نوازشریف کی طرف رکھا۔ بولے کہ ٹیکس چوری کرنے والا ٹیکس کی چوری کیسے روکے گا۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کا اور میاں صاحب دونوں کا احتساب کیا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ تین ستمبر کو لاہور پہنچیں گے اور نواز شریف سے ان کے سرمائے کا حساب مانگیں گے۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ کے پی میں کرپشن کا کوئی بڑا کیس نہیں۔ صوبے میں کرپشن صرف نچلی سطح پر ہے جسے جلد کنٹرول کر لیا جائے گا۔ کپتان نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے کرپشن کی نشاندہی کرنے والوں کو برآمد رقم کا تیس فیصد دینے کا بھی اعلان کر دیا۔