Monday, September 16, 2024

تین دن بعد بھی طالبعلموں کو ہلاک کرنیوالے پولیس اہلکار نہ پکڑے گئے

تین دن بعد بھی طالبعلموں کو ہلاک کرنیوالے پولیس اہلکار نہ پکڑے گئے
August 11, 2018
فیصل آبا د( 92 نیوز) فیصل آباد میں جعلی پولیس مقابلے کے دوران قتل کیے گئے دو طلبا کے ورثا کو تاحال انصاف نہ مل سکا، تین روز گزر جانے کے باوجود پولیس کسی بھی ملزم کو گرفتار نہ کر سکی، انکوائری کمیٹی ناکام ہو گئی، جبکہ گرفتاری سے بچنے کے لیے مقدمے میں نامزد پولیس اہلکاروں نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔ ملت روڈ  کے جعلی پولیس مقابلے میں  پولیس پیٹی بھائیوں کو بچانے لگی، تین روز گزر جانے کے باجود کسی ملزم کو گرفتار نہ کیا جا سکا، 8 اگست کو پیش آنے والے واقعے میں میٹرک کے 2 طلباء عثمان اور ارسلان پولیس کی گولیوں کا نشانہ بن گئے ۔ سی پی او کی جانب سے بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی کارکردگی ایسی کہ تاحال ورثاء سے کوئی رابطہ تک نہیں کیا گیا۔ مقدمے میں نامزد اے ایس آئی جاوید اختر اور ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی نے عدالت سے 20 اگست تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کروالی، جبکہ تین پولیس اہلکار تاحال مفرور ہیں۔ دوسری جانب غم سے نڈھال مقتول نوجوانوں کے اہلخانہ انصاف کی دوہائیاں دے رہے ہیں۔ ملزمان کی عدم گرفتاری اور اب گرفتاری سے قبل ضمانتوں کا شروع ہونے والا سلسلہ واضح کر رہا ہے کہ پولیس پیٹی بھائیوں کو ہر صورت بچانا چاہتی ہے اسے لیے تو پتا ہونے کے باوجود تاحال واقعے میں ملوث کسی بھی پولیس اہلکار کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا۔