Friday, March 29, 2024

تیسرے اور آخری ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست

تیسرے اور آخری ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست
April 7, 2021

سنچورین (92 نیوز) دورہ جنوبی افریقہ پر موجود پاکستانی ٹیم نے ون ڈے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست دیدی۔

پاکستانی بلے بازوں کے بعد باؤلرز کی بھی ٹاپ پرفارمنس دیکھنے میں آئی۔ قومی ٹیم آٹھ سال کے طویل عرصے کے بعد جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریز دو ایک سے جیت گئی۔

321رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ 292 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جانمن ملان 70، کائل ویرین62، پھلکوائیو 54 رنز بنا کرنمایاں رہے۔ جنوبی افریقی بلے باز پاکستانی فاسٹ اور اسپن باؤلرز کے جال میں پھنس گئے۔ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف نے دو ، حسن علی اور ڈیبیو کرنیوالے عثمان قادر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کا ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ دینا مہنگا پڑ گیا۔ ان فارم اوپنر فخر زمان نے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری داغی۔ انہوں نے تین چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے۔ امام الحق 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم نے تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 94 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو اچھا ٹوٹل دینے میں اپنا حصہ ڈالا۔

فاسٹ باؤلر حسن علی نے بیٹنگ میں کمال کر دیا۔ 11 گیندوں پر 32 رنز کی ناقابل شکست اننگزکھیلی جس میں سٹمس کو ایک اوور میں چار چھکے بھی شامل تھے۔

بابر اعظم مین آف دی  میچ  رہے جبکہ فخر زمان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان نے 2013 کے بعد جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی 10 اپریل کو کھیلا جائے گا۔