Friday, April 26, 2024

تیسرا ٹیسٹ ، پاکستان کی پوری ٹیم 185رنز بنا کر آؤٹ

تیسرا ٹیسٹ ، پاکستان کی پوری ٹیم 185رنز بنا کر آؤٹ
January 13, 2019
جوہانسبرگ ( 92 نیوز ) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز جاری ہے ، تیسرے ٹیسٹ میں بھی قومی بلے بازوں نے روش نہ بدلی اور جنوبی افریقہ کے 262رنز کے جواب میں پوری ٹیم 185 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ دن کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے ۔ تیسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا  اور 262 رنز بنائے ۔ پاکستان کی ٹیم میدان میں اتری تو ’’تو چل میں آیا‘‘ کی روایت برقرار رکھی ۔ اوپنر شان مسعود  ساتویں گیند پر ہی فلینڈر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ تھما کر واپس لوٹ گئے ، اگلی ہی گیند پر اظہر علی بھی فلینڈر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ تھما بیٹھے ۔محمد عباس بھی 11رنز بنا کر ہمت ہار گئے جبکہ اسد شفیق  اولیور کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ اوپنر امام الحق 43، بابر اعظم 49 ،کپتان سرفراز 50 رنز بناکر نمایاں رہے  ۔ شاداب خان نے 5 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے ۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی محمد عامر تھے جنہوں نے ٹیم کےاسکور میں 10رنز کا اضافہ کیا ۔پاکستان کی تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ6  کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے ۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈائیون اولیور  نے 5 ،فلینڈر نے 3 اور ربادا نے 2 شاہینوں کا شکار کیا۔ اپنی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ نے 262 رنز بنائے تھے ، اوپنر ایڈن میکرم نے 90 ، ہاشم آملہ نے 41،ڈی برائن نے 49 اور زبیر حمزہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ جنوبی افریقہ کے دو کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے ۔ جنوبی  افریقہ نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا لئے جس کے بعد  انہیں 212 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے ۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ایلگر  5رنز بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ ساتھی اوپنر ایڈین میکرم بھی 21 رنز پر  سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے ۔ ڈی برین اور زبیر حمزہ بھی زیادہ دیر تک ٹک نہ سکے ، برین 7 جبکہ زبیر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ٹمبا بیوما نے 23 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ جنوبی افریقہ کو 3 میچز کی سیریز میں 0-2 سے حتمی برتری حاصل ہے ۔