Thursday, September 19, 2024

تیسرا ٹیسٹ، نیوزی لینڈ کے 274رنز کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری

تیسرا ٹیسٹ، نیوزی لینڈ کے 274رنز کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری
December 4, 2018
ابوظہبی( 92 نیوز ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم  اپنی پہلی اننگز میں  274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے ۔ پاکستان کے اوپنر اچھا کھیل پیش نہ کر سکے اور پروفیسر محمد حفیظ بغیر کوئی اسکور دیئے کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے ۔ فخر امام بھی 9رنز بنا کر چلتے بنے ۔ اوپنر ز کے بعد اظہر علی اور حارث سہیل نے ٹیم کی ڈولتی کشتی کو سہارا فراہم کیا اور محتاط انداز اپناتے ہوئے بلے بازی کی ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں بولٹ نے حاصل کیں ۔ قبل ازیں پہلے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم نے  7وکٹیں گنوائی تھیں ، اوپنر ٹام لیتھیم صرف 4رنز بنا کر ڈیبیو کرنے والے شاہین شاہ کا شکار ہوئے ۔ساتھی اوپنر جیت راول نے 45رنز کی اننگز کھیلی ،وہ یاسر شاہ  کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ راس ٹیلر اور ہینری نیکولس بھی یاسر شاہ کا شکار ہوئے ، راس ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے  بولڈ ہوئے جبکہ ہینری نیکولس ایک رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ کپتان ولیم سن نے 176 گیندوں پر 89رنز بنا کر  نیوزی لینڈ کی بھنور میں پھنسی کشتی کو کنارہ فراہم کیا ۔ وہ سب سے نمایاں رہے ۔ نیوزی لینڈ کی وکٹیں دھڑادھڑ گرنے لگیں تو واٹلنگ نے انتہائی محتاط انداز سے بلے بازی کی  اور 250 گیندوں (41.66 اوورز) میں  30.80 کے سٹرائیک ریٹ سے  77رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ نیوزی لینڈ کی آخری 5 وکٹیں بلال آصف نے حاصل کیں ۔ گرینڈ ہوم 20 ،ٹم سودھی 2،ولیم سومرویل12،اعجاز پٹیل 6اور ٹرینٹ بولٹ ایک اسکور بنا کر بلال آصف کا شکار ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے 5 ،یاسر شاہ نے 3 ،شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔