Friday, May 17, 2024

تیسرا ٹیسٹ، زیک کرالی کی سنچری، انگلینڈ کے 4 وکٹوں پر 332 رنز

تیسرا ٹیسٹ، زیک کرالی کی سنچری، انگلینڈ کے 4 وکٹوں پر 332 رنز
August 22, 2020
سائوتھمپٹن (92 نیوز) سائوتھمپٹن میں انگلینڈ کیخلاف تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کا پہلا روز زیک کرالی اورجوزبٹلر کے نام رہا، انگلینڈ نے پہلے روز کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنا لیے۔ انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ساؤتھمپٹن میں تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔ زیک کرالی اور جوز بٹلر نے شاندار اننگز سے پاکستانی باؤلرز کے اوسان خطا کر دئیے، انگلینڈ نے پہلے روز کے اختتام پر چار وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنا لیے۔ انگلش کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، 127 رنز پر انگلینڈ کے ابتدائی چار بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ روری برنز6 رنز بنا کر شاہین شاہ کا نشانہ بنے، ڈوم سبلی 22 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ کپتان جوروٹ کو نسیم شاہ نے آؤٹ کیا، انہوں نے 29 رنز بنائے جبکہ اولی پوپ صرف تین رنز ہی بناسکے۔ 127 پر چار انگلش کھلاڑی پویلین لوٹے تو شاہینوں کو میچ اپنے ہاتھ میں آتا نظر آیا، تاہم زیک کرالی اور جوزبٹلر نے جارحانہ بیٹنگ سے ٹیسٹ کو ون ڈے میچ بنا دیا۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 205 رنز بنا کر پاکستانی باؤلنگ لائن اپ کو ہلا کر رکھ دیا، زیک کرالی نے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی۔ ان فارم بلے باز جوزبٹلر دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے اور انہوں نے سیریز میں دوسری نصف سنچری اسکور کی۔ دن کا اختتام ہوا تو زیک کرالی 171 اور جوز بٹلر 87 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ زیک کرالی نے 269 گیندوں کا سامنا کیا، ان کی اننگز میں 19 چوکے شامل تھے۔